چین کے ایک پروفیسر نے طلبہ کو اپنی کلاس میں دیر سے آنے سے روکنے کے لیے ایک نئی ترکیب ایجاد کی ہے۔
سچوان صوبے کے ایک یونیورسٹی میں پروفیسر وانگ سجن دیر سے آنے والے طلبہ کو سزا میں ایک ہزار دفعہ ایک مشکل حرف لکھوا رہے ہیں۔
’بیانگ‘ نامی یہ چینی حرف قلم کے 56 سٹروکس سے بنتا ہے۔
اس لفظ کا کوئی معنی نہیں لیکن مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسٹر وانگ نے شانزی صوبے میں ایک نوڈل کی ڈش کے نام سے متاثر ہونے کے بعد یہ لفظ خود بنایا تھا۔
چینگدو اکنامک ڈیلی کے مطابق یہ سزا اب تک دو بدقسمت طالب علموں کو دی گئی ہے۔
پہلی طالبہ کا کہنا تھا کہ اس حرف کو 200 بار لکھنے کے بعد وہ ’تھکن‘ کی وجہ سے اسے مزید نہیں لکھ پائیں۔
آخر میں انھوں نے پروفیسر وانگ سے سزا کو بدلنے کی درخواست کی اور وعدہ کیا کہ وہ ان کی کلاس میں کبھی دیر سے نہیں آئیں گی۔
دیر سے آنے والے دوسرے طلب علم نے بھی سزا کے بدلے میں ایک سو مٹی سے بنے ہوئے جنگجوؤں کو رضاکارانہ طور پر کاغذ پر اتارنا بہتر سمجھا۔ انھیں اپنی ڈرائنگ ختم کرنے میں چار گھنٹے لگے۔
چینی سوشل میڈیا پر کئی انٹرنیٹ صارفین نے پروفیسر کی اس ’تخلیقی‘ سزا کی تعریف کی ہے۔
ایک صارف نے معروف بلاگنگ ویب سائٹ ’ویبو‘ پر لکھا: ’اس حرف کو ایک دفعہ دیکھنے کے بعد میں تو کبھی کلاس میں دیر سے نہ آؤں۔‘