امریکی صدر کے پرکشش اور پررعب عہدے سے ڈرا نہ آداب میزبانی کی پروا کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کینیا کے صدر نے صدر باراک اوباما کی جانب سے ہم جنس پرستوں کے حقوق کی بات کرنے پر ٹوک دیا۔ ڈیلی میل کے مطابق نیروبی کے اسٹیٹ ہاﺅس کے باہر پریس کانفرنس کے موقع پر جب صدر باراک اوباما نے ہم جنس پرستوں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک افریقی امریکن ہونے کی حیثیت سے انہیں امتیازی سلوک کا تجربہ ہے تاہم کینیا کے صدر اوہروکینیاٹا نے کہا کہ ہم جنس پرستوں کے حقوق کینیا کا ایشو نہیں کچھ چیزیں ہماری ثقافت اور معاشرے میں قابل برداشت نہیں ہیں۔اس کی بجائے کاروبار ، صحت اور مشترکہ دل چسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں ۔ صدر باراک اوباما نے کشیدہ صورت حال کو اپنی جائے پیدائش کے حوالے سے لطیفہ سنا کر سنبھالنے کی کوشش بھی کی لیکن حاضرین پر چھایا سناٹا نہ توڑ سکے ۔ ڈیلی میل کے مطابق صدر باراک اوباما جو ان دنوں کینیا کے دورے پر ہیں کو اس وقت ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے ہم جنس پرستوں کے حقوق کے حوالے سے بات کردی ۔ کینیا میں ہم جنس پرستی پر چودہ سال سزائے قید ہے۔کسی بھی امریکی صدر کا یہ کینیا کا پہلا دورہ ہے۔ صدر اوباما نے چھائی خاموشی توڑنے کے لئے اپنی جائے پیدائش کے حوالے سے لطیفہ بھی سنایا مگر اس پر بھی کچھ لوگوں نے ہی تالیاں بجائیں۔ صدر باراک اوباما نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ یہاں اپنا برتھ سرٹیفیکیٹ لینے آئے ہیں ۔ صدر اوباما ریاست ہوائی میں پیدا ہوئے تھے مگر الیکشن مہم کے د وران ان کے مخالفین نے الزام لگایا تھا کہ وہ کینیا میں پیدا ہوئے –