زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال ذرائع۔ فوٹو : فائل
کرم ایجنسی: گودر میں مسافر بس کے قریب بم دھماکے سے 2 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پارہ چنار کے علاقے گودر میں دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سڑک کے کنارے بارودی مواد نصب کیا تھا، پارہ چنار سے سدہ جانے والی مسافر وین جیسے ہی قریب پہنچی، دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کردیا۔ واقعے کے فوری بعد مقامی افراد اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 13 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعدادعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کررہی ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : کرم ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے 4 اہلکار شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے خصوصی طور پر ایم آئی17 ہیلی کاپٹر پارہ چنار پہنچایا گیا، جس کے ذریعے شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے لیے ہر ممکن بہتر طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔