پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائر یکٹر انٹر نیشنل کرکٹ کے عہدے سے ذاکر خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کے عہدے سے انتخاب عالم کو فارغ کرتے وقت یہ دلیل تھی کہ بورڈ کے پاس بہت سارے ڈائریکٹر ہیں جن کو سبکدوش کرکے ان کی ذمے داریاں جنرل منیجر کو دی جارہی ہیں۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائر یکٹر انفرااسٹریکچر اور ریئل سٹیٹ لاہور کا نیا عہدہ متعارف کراتے ہوئے اس کا اشتہار دے دیا ہے اور تجربہ کار امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئیں ہیں۔ اس وقت عبدالغفور بھٹی بطور جنرل منیجر اسٹیٹ منیجمنٹ کام کررہے ہیں۔ ذاکر خان کو ہٹانے کے بعدعثمان واہلہ کوجنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کا نگراں شفیق احمد پاپا کو مقرر کیا گیا ہے۔ حال ہی میں سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بلال قریشی کو میچ ریفری اورامپائرز منیجرز مقرر کیا گیا ہے جبکہ جنرل منیجر میڈیا آغا اکبر کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے ہٹا کر ان کی خدمات پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپرد کردی گئی ہیں۔ جبکہ لاہور اور کراچی میں میڈیا ڈپارٹمنٹ کو مزید متحرک کرنے کے لئے مزید تقرریاں کی جارہی ہیں۔