پاکستان نے امریکہ سے پاکستانی تاجروں کیلئے امریکہ کے آسان ویزے جاری کرنے اور ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاک٬ امریکہ ٹریڈ انوسٹمنٹ فورم ایگریمنٹ کونسل کا اجلاس ہوا جس وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی ٬ امریکی وفد کی قیادت تجارتی نمائندہ مائیکل فورمین نے کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان نے امریکہ سے ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی اور امریکی ٹیکسٹائل مارکیٹ تک ترجیحی رسائی کا مطالبہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان نے اجلاس میں پاکستانی تاجروں کیلئے امریکہ کےآسان ویزے جاری کرنے کی سفارش کی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور مستحکم پاکستان خطے میں خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے۔