بالی وڈ کی اداکارہ کرینہ کپور اپنے آنے والی نئی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی کامیابی کے بارے میں خاصی پرامید ہیں۔
اس فلم میں ان کے ہیرو سلمان خان ہیں اور فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان ہیں۔
کرینہ کہتی ہیں کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ ایک ایسی فلم ہے جس کی کہانی اپنی طرف متوجہ کرنے والی ہے اور یہ فلم بغیر کسی پروموشن کے 200 کروڑ سے زیادہ کما سکتی ہے۔‘
کرینہ کپور نے فلمیں کم اور آئٹم سونگ زیادہ کرنے کے بارے میں کہا کہ ’لوگ اکثر مجھ سے یہ سوال پوچھتے ہیں کہ میں آئٹم سانگ کیوں کرتی ہوں۔ تو جواب میں میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کی مجھے ناچ گانا بہت پسند ہے۔ میں نے ان برسوں میں جتنے بھی آئٹم نمبر کیے ہیں ان تمام کو لوگوں نے بہت پسند کیا ہے۔‘
کرینہ نے کہا: ’مجھے یاد ہے کہ شادی کے دس دن بعد میں نے ایک آئٹم سانگ کی شوٹنگ کی تھی۔ میں خوش ہوں کہ شادی کے بعد بھی میں ویسا ہی آئٹم سانگ میں ڈانس کر پاتی ہوں جیسا شادی کے پہلے کیا کرتی تھی۔‘
کرینہ اور سیف علی خان کی شادی کو پورے تین سال ہو گئے اور اکثر سننے کو ملتا ہے کہ شادی کے بعد فلمی سفر تھوڑا سست پڑ جاتا ہے لیکن کرینہ اس بات کو قطعی طور پر نہیں مانتیں۔
’سلمان کے لیے اکثر کہا جاتا ہے کہ وہ ہمیشہ جوان لڑکیوں کے ساتھ ہی کام کرنا چاہتے ہیں اور میری جیسی شادی شدہ لڑکی کے ساتھ ان کا بار بار کام کرنا میرے لیے بڑی کامیابی ہے۔‘
انھوں نے خوشی ظاہر کی کہ شادی کے بعد بھی انھوں نے اکشے اور اجے کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
کرینہ نے کہا کہ انھوں نے انیل کپور کے ساتھ فلم ’بے وفا‘ میں ان کی بیوی کا رول کیا تھا اور اب ان کے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ بھی کام کر رہی ہیں۔


پاکستان سے دعوت نامہ
کرینہ سے بی بی سی نے فلم ’بجرنگی بھائی جان‘کی کہانی کے بارے میں پوچھا تو کرینہ کپور نے کہا کہ وہ پاکستان جانا چاہتی ہیں اور ’لاہور سے دعوت نامہ بھی کئی بار آیا ہے کیونکہ سیف کا پورا خاندان وہیں ہے۔ میں ضرور جانا چاہتی ہوں، خاص کر کے کھانے کے لیے کیونکہ جس طرح کا کھانا پاکستان میں ملتا ہے میں اس کی شوقین ہوں اور جب بھی میرا اور سیف کا پلان بنے گا ہم ضرور جائیں گے۔‘
افسوس نہیں
کرینہ کپور کو کئی کی پیشکشیں آتی رہتی ہیں لیکن وہ زیادہ تر فلموں کے لیے انکار کر دیتی ہیں۔ لیکن جب وہ فلم کامیاب ہوئی تو کیا افسوس ہوا؟
ایسی فلموں میں سے ایک حال ہی میں ریلیز ’دل دھڑکنے دو‘ شامل ہے۔ اس میں زويا اختر کی پہلی پسند پرینکا چوپڑا نہیں کرینہ تھی۔
اس پر کرینہ کہتی ہیں: ’جو فلمیں میں نے منع کی ہیں ان کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ تھی اور مجھے کبھی کوئی افسوس بھی نہیں ہوا لیکن ہاں زویا کے ساتھ کام نہ کرنے کا افسوس ضرور ہے، لیکن نہ وہ ان کی آخری فلم تھی اور نہ ہی میں نے فلموں میں کام کرنا چھوڑا ہے تو آئندہ ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت موقع ملے گا۔‘