پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانے کافیصلہ کر لیا ہے اور وہ جلد ہی سکھر یا لاڑکانہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر بنانے اور موجودہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو سندھ کا وزیراعلیٰ بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی اور قائم علی شاہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے پر غور بھی کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء قمرالزمان کائرہ کے مطابق انتخابات لڑنے کافیصلہ بلاول بھٹو پر چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ جب چاہیں جہاں سے چاہیں الیکشن لڑیں تاہم قوی امید ہے کہ وہ لاڑکانہ یا سکھر سے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں فریال تالپور نے تجویز پیش کی کہ بلاول بھٹو زرداری کو اب پارلیمانی سیاست کا آغاز کر دینا چاہئے اوراس مقصد کیلئے انہیں اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ہی انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے الیکشن لڑیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے لاڑکانہ سے انتخابات میں حصہ لینے کی تجویز کو آصف علی زرداری سمیت تمام پارٹی قیادت نے بھی سراہا۔