رینجرز نے کراچی میں پاکستان سنی تحریک (پی ایس ٹی) کے مرکز پر چھاپہ مارکر 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان پی ایس ٹی کے مطابق رینجرز نے پارٹی کے مرکز کا محاصرہ ختم کردیا ہے۔
کارروائی میں رینجرزکی 6 گاڑیوں اور 2 ٹرکوں پر سوار 100 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا –
کارروائی کے دوران رینجرز نے پارٹی کے مرکز کے کمروں کی بھی تلاشی لی۔
دوسری جانب ایک الگ کارروائی میں رینجرز نے فش ہاربر کے وائس چیئرمین سلطان قمر صدیقی کو گلستان جوہر سے گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ ستمبر 2013 میں دہشت گردوں اور قبضہ مافیا کے خلاف شہر قائد میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران اب تک متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔
تاہم گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے صفورہ چورنگی میں اسماعیلی برادری کے 45 افراد کے سفاکانہ قتل عام کے بعد کراچی آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ 14 مئی کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کراچی آپریشن میں تیزی لاکر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔