لارڈز میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جب انگلینڈ ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں آئی تو پاکستان کو دوسرے اوور میں ہی 8 کے مجموعے پر اس وقت کامیابی ملی جب راحت علی نے ایلکس ہیلز کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
تاہم اس کے بعد جو روٹ اور ایلسٹر کک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیزی سے رنز بٹورے۔
پاکستان کو جلد ہی دوسری وکٹ حاصل کرنے کا موقع ملا لیکن سلپ میں کھڑے محمد حفیظ 22 رنز پر کھیلنے والے کُک کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔
اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی باؤلرز کو مزید کوئی موقع نہ دیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔
جب کھانے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے، کُک 35 اور روٹ 23 رنز پر کھیل رہے ہیں تاہم وقفے کے بعد جوروٹ 118 کے اسکور پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انھیں یاسر شاہ نے نشانہ بنایا۔
محمد عامر نے الیسٹر کک کے لیے مشکلات کھڑی کیں لیکن سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے ایک آسان کیچ لینے میں ناکام رہے اور عامر کو وکٹ لینے کا دوسرا موقع بھی ضائع ہوگیا۔
یاسر شاہ نے پاکستان کے لیے تیسری کامیابی جیمز وینس کو آؤٹ کرکے دلادی جبکہ اپنی نپی تلی باؤلنگ کو جاری رکھتے ہوئے انگلینڈ کا چوتھا کھلاڑی گیری بیلنس کو آؤٹ کردیا وہ صرف 6 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ نے میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے جب الیسٹرکک 75 اور بیئراسٹو ایک رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
محمد عامر نے چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کو اہم کامیابی دلادی جب 81 رنز بنا کر کھیلنے والے انگلش کپتان کک کی وکٹیں بکھیر دیں اور یوں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 6 سال بعد اپنی پہلی وکٹ حاصل کرلی۔
بیئراسٹو نے معین علی کے ساتھ 20 رنز کا اضافہ کیا لیکن یاسر شاہ کی لیگ اسپن کا سامنا کرنے میں ناکام ہوئے اور 29 رنز بنا کر 193 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے جو یاسر کی میچ میں چوتھی وکٹ تھی۔
یاسر شاہ نے معین علی کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں مکمل کیں، معین علی نے کرس ووکس کے ساتھ مل کر انگلینڈ کا اسکور 232 رنز تک پہنچایا تھا۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے، کرس ووکس 31 اور اسٹورٹ براڈ 11 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راحت علی اور محمد عامر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 339 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔