تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کے خلاف ڈگری سکینڈل کو ہوا گھر کے بھیدیوں نے ہی دی ۔ تحریک انصاف کے اندرہونیوالی گروپ بندی نے ریحام خان کو بھی متاثر کیا ہے ۔
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ریحام خان کی ڈگری کا معاملہ مسلم لیگ نٞ کے ذریعے برطانوی میڈیا تک نہیں پہنچا بلکہ تحریک انصاف کے اندر موجود ریحام خان مخالف لابی نے ان کی براڈ کاسٹنگ میڈیا سے متعلق ڈگری کا کھوج لگایا اور پھر یہ راز بہت ہی رازداری کے ساتھ برطانوی میڈیا کے سپرد کردیا گیا ۔اس طرح رمضان کے آخری عشرے میں ریحام خان اورعمران خان کو سازشی لابی نے جھٹکا دیا ۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریحام خان اپنے شوہرعمران خان کے ویژن کے مطابق پارٹی کے تمام امور شفاف بنیادوں پر چلانے کی کوشش کررہی ہیں اور گزشتہ دنوں اس حوالے سے شاہ محمود قریشی لابی اور ریحام خان کے درمیان مبینہ اختلافات بھی سامنے آئے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر ریحام خان کے حامیوں میں یہ تصور تقویت پکڑ چکا ہے کہ یہ کارروائی شاہ محمود قریشی کی لابی نے کیا ہے ۔اس حوالے سے ریحام خان ذاتی طور پر بھی کھوج لگارہی ہیں کہ یہ سازش کس نے تیار کی ہے۔