ٹیکس ایمنسٹی سکیم حکومت نے صرف اور صرف اپنی قبیل کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے لانچ کی ہے جو اس ملک کا اربوں اور کھربوں روپیہ لوٹ کر ملک سے باہر لے گئے ہیں جبکہ ایماندار تاجروں جو پچھلے 65 سال سے اپنا ٹیکس باقائدگی سے ادا کر رہے ہیں انہیں سزا دی گئی ہے کہ وہ ٹیکس چوری کیوں نہیں کرتے ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ تاجروں کے وہ خود ساختہ لیڈر جو بینک ٹرانزیکشنز پر وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کرانے کے نام پر حکومت سے مذاکرات کرنے گئے تھے آج وہ کہہ رہے ہیں وِد ہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے تاجروں کا نظام ٹھیک ہو رہا ہے۔ حکومت نے انہیں استعمال کرکے اپنے مقاصد کے لیے ٹیکس ایمنسٹی سکیم لانچ کی ہے چھوٹے تاجروں کو اس سے کوئی فائدہ نہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ٹیکس سسٹم کمزور ہے اسے بہتر کرنے اور آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکس نیٹ بڑھانا اتنا ہی ضروری ہے جتنی دہشت گردی کے خلاف جنگ مگر اس کے لیے بینک سے ہر قسم کی ٹرانزیکشن پر ٹیکس لگانا مسئلے کا حل نہیں یہ کھلی بھتہ خوری ہے ،خالد پرویز نے کہا حکومت ٹیکس وصولی میں اس لیے کامیاب نہیں ہوئی کہ یہ ایسا چاہتی نہیں ہے۔ ہمارے اکنامک منیجرزٹیکس چوروں کو خود تحفظ دیتے ہیں۔ انجمن تاجران بار بار کہتی آ رہی ہے کہ وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے بنیادی اصلاحات کی جائیں۔