ویسٹ انڈین ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم ترین ٹوٹل 60 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
کراچی: گرین شرٹس نے مختصر ترین فارمیٹ میں تاریخ کی دوسری بڑی فتح کو گلے لگا لیا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز سے سیریز کے پہلے مقابلے میں 143 رنز سے کامیابی حاصل کی جورنز کے لحاظ سے اس طرز میں مجموعی طور پر دوسری جبکہ پاکستان کی سب سے بڑی فتح ہے، سب سے بڑی فتحکا اعزاز سری لنکا کے پاس ہے جس نے 2007 میں کینیا کو جوہانسبرگ میں 172 رنز سے شکست دی تھی۔
گرین شرٹس نے 9 برس قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر آخری مرتبہ ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کا سامنا کیا تھا، جس میں 5 وکٹ پر 203 رنز بنائے،اب جب دوبارہ نیشنل اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہوا تو گرین شرٹس کا اسکور بالکل وہی یعنی 5 وکٹ پر 203 رنز ہی رہا، یہ اس طرز میں پاکستان کاسب سے بڑا مجموعہ بھی ہے۔
اس مقابلے میں میزبان نے ویسٹ انڈیز کو صرف 60 رنز پر آؤٹ کیا جو کیریبیئن ٹیم کا اس طرز میں کم ترین، مجموعی طور پر چوتھا سب سے کم مجموعہ اور فل ممبرز ممالک میں مشترکہ کم ترین اسکور ہے۔
سب سے کم ترین رنز پر ڈھیر ہونے کا منفی ریکارڈ نیدرلینڈز کے پاس ہے جو سری لنکا کے خلاف 2014 میں صرف 39 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی سری لنکا کے خلاف 2014 میں ہی 60 رنز پر ڈھیرہوچکی ہے۔