بریتھ ویٹ نے آخری چار گیندوں پر چار چھکے لگا کر میچ کا پانسا پلٹ دیا اور جیت ویسٹ انڈیز کے نام لکھ دی ، ویسٹ انڈیز کی کرکٹ پر حکمرانی قائم ہو گئی ، کالی آندھی کی ایک دن میں دوسری بڑی فتح ، ویسٹ انڈیز دو بار ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی،انگلینڈ کو صرف دو بال قبل شکست سے دوچار کیا ،
ویسٹ انڈیز کی عوام کو ایک دن میں دو خوشخبریاں سننے کو ملیں ، آج صبح وویمن کرکٹ ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آسٹریلیا کو ہرا کر کپ اپنے نام کیا تھا تو مردوں کی کرکٹ ٹیم بھی پیچھے نہیں رہی اور انگلینڈ کو ایک زبردست مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا ،
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں جو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز پر کھیلا جا رہا تھا ویسٹ انڈیز نے کمال سمجھ داری اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو آخری اوور میں چار لگاتار چھکے لگا کر میچ جیت لیا ہے۔
کارلوس بریتھویٹ نے یہ چاروں چھکے بین سٹوکس کو لگائے۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو انیس رنز درکار تھے جو صرف چار گیندوں پر ہی بنا لیے گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جیت میں مارلن سیموئلز نے بھی بڑے صبر سے زبردست اننگز کھیلی اور 66 گیندوں پر 85 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز یہ میچ چار وکٹوں سے جیت گیا۔
ویسٹ انڈیز نے یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
کپتان ڈیرن سمی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی لیکن انگلینڈ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہو گیا اور درمیانی اووروں میں روٹ اور بٹلر کی بلے بازی کی وجہ سے وہ نو وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا پائے۔