یہ پولیس مقابلہ منگل کی رات پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے سرحدی علاقے واہگہ کے قریب باٹاپور میں ہوا جس میں دو گرجا گھروں پر خودکش حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار تین مبینہ دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق تینوں زیر حراست دہشت گردوں کو اُن کی نشاندہی پر اسلحہ کی برآمدگی کے لیے بی آر بی کینال کے علاقے میں لایا گیا جہاں سے پولیس نے بارودی مواد اور ایک خودکش جیکٹ برآمد کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں دہشت گردوں کو اسلحہ کی برآمدگی کے بعد جب واپس لایا جا رہا تھا تو دہشت گردوں کے ساتھیوں نے اُنھیں چھڑوانے کے لیے پولیس پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں تینوں مبینہ دہشت گرد حسن پنجابی ، عمران اور شیخ قانون ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک سب انسپکٹر بھی زخمی ہوا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور پولیس نے ان تینوں مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کا باضابطہ اعلان گذشتہ ماہ چار اگست کو کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے تینوں دہشت گردوں کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔
پولیس نے دہشت گردوں کو چھڑانے کے لیے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس مقصد کے لیے ایس پی سی آئی اے عمر ورک کی سربراہی میں ایک ٹیم بنائی گئی ہے جس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں یوحنا آباد کے دو گرجا گھروں میں یک بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے تھے جس کے نتیجیے میں 15افراد ہلاک ہو گئے تھے۔