پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل اﺅنڈر انور علی نے جہاں اپنی شاندار پرفارمنس سے پاکستانی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی ہے وہیں انہوں نے ایک ایسا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے جو پاکستان کا کوئی بلے باز بھی نہیں بنا سکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انور علی نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 17 گیندیں کھیل کر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 46 رنز بنائے اور اس دوران ان کا سٹرائیک ریٹ 270.6 رہا۔
پاکستان کا کوئی بھی بلے باز جس نے کسی ٹی 20 میچ میں 40 سے زائد رنز بنائے، بھی اس سٹرائیک ریٹ کے ساتھ سکور نہیں کر سکا ہے اور انور علی نے یہ انوکھا اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی اننگز تاریخی ہوتی ہیں اور کبھی کبھار ہی دیکھنے کو ملتی ہیں اور یہ ریکارڈ بھی مشکل سے ہی ٹوٹے گا تاہم یہ بات یاد رکھی چاہئے کہ ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹھویں نمبر پر میدان میں آنے والے کسی کھلاڑی کی جانب سے اس سٹرائیک ریٹ کے ساتھ سکو ر بنانا انتہائی شاندار اور مشکل بات ہے کیونکہ ایسے موقعوں پر اکثر کھلاڑی دباﺅ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اپنی فطری کارکردگی دکھانے میں بھی ناکام رہتے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ان کی اس شاندار کارکردگی پر انور کو پی آئی اے میں ایک درجہ ترقی دے دی گئی ہے ۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ انور علی نے سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی ہے جس پر پی آئی اے میں ان کی ایک درجہ ترقی کر دی گئی ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انور علی کی ترقی ان کے پے سکیل میں کی گئی ہے اور ان کی شاندار کارکرگی پی آئی اے کے لیے اعزاز ہے ۔ واضح رہے قومی آل راﺅنڈر انور علی پی آئی اے کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں ۔