تحصیل کامونکے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی رانا شمشاد بیٹے اور ایک لیگی کارکن سمیت جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کامونکے کے علاقے راجہ بلھے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے رانا شمشاد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ گولیاں لگنے سے ان کا بیٹا، بھتیجا، محافظ اور پارٹی کارکن شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول ایم پی اے کا بیٹا اور پارٹی کارکن شاکر بھی جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس اور سرکاری ذرائع کے مطابق رانا شمشاد فیملی کے ہمراہ اپنے فارم ہاؤس سے واپس گھر آرہے تھے کہ راجہ بلھے کے علاقے میں نامعلوم کار سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایم پی اے رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کو ٹارگٹ بنانے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔